ماریشس کے وزیراعظم کا دورۂ ہند 



ماریشس کے نو منتخب وزیراعظم پروند جگناتھ نے گزشتہ ہفتہ ہندوستان کا دورہ کیا۔اس دورےسے ثابت ہوتا ہے کہ دونوں ممالک اپنے دوطرفہ رشتوں کو کافی اہمیت دیتے ہیں۔ ماریشس کی اس وقت کل آبادی ایک اعشاریہ تین ملین ہے۔ اس میں سے دوتہائی سے بھی زیادہ آبادی ہند نژاد ہے۔ اس لئے اپنی سلامتی، معاشی اور ترقیاتی تشویشات کو دور کرنے کے لئےہندوستان اور ماریشس کا ایک دوسرے کی جانب جھکنا فطری امر ہے۔

نئی دہلی کے سفارتی حلقوں میں جناب جگناتھ کے اس دورے کو اگرچہ نجی قرار دیا گیا ہے تاہم وزیراعظم نریندرمودی نے حیدرآبادہاؤس میں ان کی میزبانی کی،جہاں عام طور پر غیر ملکی اہم شخصیات کی میزبانی کی جاتی ہے۔ اپنی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عہد کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم مودی نے ماریشس کو ایک خوشحال اور مستحکم ملک بنانے میں ہندوستان کی حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان ماریشس کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ وہ اس کی خوشحالی اور ترقی میں ہر طرح کی حمایت کرنے کے لئے تیار ہے اور حکومت ماریشس اور وہاں کے عوام کو اس بارے میں کوئی شک نہیں ہونا چاہئے۔ ہندوستان میٹرو ایکسپریس پروجیکٹ، ای این ٹی ہسپتال اور سوشل ہاؤسنگ پروجیکٹ جیسے بہت سے ترقیاتی پروجیکٹوں میں ماریشس کی حمایت کر رہا ہے۔ وزیراعظم جگناتھ نے ان تمام پروجیکٹوں میں تعاون اور حمایت کے لئے ہندوستان کا شکریہ ادا کیا۔ ان پروجیکٹوں سے ماریشس کے عوام کو کافی فائدہ ہوا ہے۔ ہندوستان کافی وقت سے ماریشس کے ساتھ اپنے معاشی اور سیاسی تعلقات کو پروان چڑھا رہا ہے۔ جہاں کے عوام ہندوستان کے ساتھ مضبوط رشتوں کے خواہاں ہیں۔ 

ماریشس کے وزیراعظم نے اپنے ہندوستانی ہم منصب کو بتایا کہ ملک کی ہمہ جہت ترقی اور ہندوستان کے ساتھ تعاون ان کی نئی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ نئی دہلی اس سلسلہ میں ایک اہم کرداد ادا کرے گا۔ قابل ذکر ہے کہ جناب جگناتھ کے دوبارہ وزیراعظم منتخب ہونے کے فوراً بعد ہی وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں ٹیلی فون کرکے مبارکباد پیش کرتے ہوئے جلد از جلد ہندوستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی۔ اس دعوت نامہ کے جواب میں وزیراعظم جگناتھ نے اپنی اہلیہ کے ساتھ پچھلے ہفتے ہندوستان کا دورہ کیا۔ 

جناب پروند جگناتھ ماریشس کے سابق وزیراعظم انیرودھ جگناتھ کے بیٹے ہیں۔ وزیراعظم پروند جگناتھ اپنے ملک کے عوام کے مفادات کو فروغ دینے کی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں جو برطانوی مالکان کے گنے کے کھیتوں میں کام کرنے کے لئے تقریباً دو صدی قبل ماریشس گئے تھے اور آج یہی ہند نژاد لوگ ماریشس کے شہری ہیں جنہیں اپنے ملک پر فخر ہے۔ یہ وہ ملک ہے جس کے ساتھ تمام بڑی طاقتیں مضبوط رشتے چاہتی ہیں۔ لیکن یہاں کے عوام نے ہندوستان کے ساتھ اپنے رشتوں کو ہمیشہ اہمیت دی ہے اور ہندوستان کے اسٹریٹیجک مفادات کے تحفظ کا بھی ہمیشہ خیال رکھا ہے۔ 

یوروپ اور ہندوستان کے درمیان سمندر کے راستے مواصلات کی لائن قائم کرنے کی غرض سے اپنے پیر جمانے کے لئے یوروپی ملکوں میں ہوڑ لگی ہوئی تھی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے 2015میں پورٹ لوئی کے اپنے دورے کے دوران پہلی بار بحر ہند کے بارے میں اپنی حکمت عملی کا ذکر کیا تھا۔ اس سلسلہ میں انہوں نے کہا تھا کہ اس علاقہ میں سب کو ترقی اور سلامتی کا حق حاصل ہونا چاہئے۔ 

ماریشس ہندوستان میں راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ اس طرح وہ ہندوستانی معیشت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ افریقی یونین، انڈین اوشن رم ایسوسی ایشن، اور انڈین اوشن کمیشن کے ایک رکن کی حیثیت سے ماریشس افریقی براعظم اور انڈین اوشن رم کے ملکوں میں ہندوستان کے اسٹریٹیجک اور معاشی مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ 

ہندوستان اور ماریشس دونوں جانتے ہیں کہ وہ ایک دوسرے کے معاشی اور سلامتی کے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں۔ لہٰذا دونوں وزراء اعظم نے دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے مل کر کام کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ مختصریہ کہ وزیراعظم پروند جگناتھ کے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹیجک تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ 

*******

Comments

Popular posts from this blog

موضوع: وزیر اعظم کا اقوام متحدہ کی اصلاحات کا مطالبہ

موضوع: جنوب مشرقی ایشیاء کے ساتھ بھارت کے تعلقات

جج صاحبان اور فوجی افسران پلاٹ کے حقدار نہیں پاکستانی سپریم کورٹ کے جج کا تبصرہ